.

طیارہ حادثے کی جگہ پرمسلح گروپ موجود تھا:الجزائر

مسافر طیارہ خراب موسم کی وجہ سے گرکر تباہ ہوا ہے:فرانسیسی وزیرداخلہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

الجزائری وزیرخارجہ رمضان لعمامرة نے کہا ہے کہ مالی کے شمالی علاقے میں جمعرات کو ائیرالجزائر کی پرواز اے ایچ 5017 کے تباہ ہونے کی جگہ پر ایک مسلح گروپ موجود تھا۔

رمضان لعمامرة نے جمعہ کو دارالحکومت الجزائر میں ایک نیوزکانفرنس میں بتایا ہے کہ مالی کے شمالی علاقے میں مسافر طیارے کے تباہ ہونے کی سب سے پہلی اطلاع ایک مسلح گروپ نے دی تھی۔درایں اثناء فرانسیسی وزیرداخلہ برنارڈ کازینوف کا کہنا ہے الجزائر کا مسافر طیارہ ممکنہ طور پر خراب موسم کی وجہ سے گرکر تباہ ہواہے۔تاہم حکام نے طیارے کی حادثے میں دوسرے امکانات کو مسترد نہیں کیا ہے۔

طیارے کے ہسپانوی عملے نے دوران پرواز خراب موسم کی وجہ سے راستہ تبدیل کرنے کا اشارہ دیا تھا اورالجزائری کمپنی کے ذرائع اور حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت علاقے میں شدید آندھی اور طوفان کی اطلاعات ملی ہیں۔

فرانس کے ٹرانسپورٹ کے وزیر فریڈرک کویلئیر نے کہا ہے کہ طیارے کو زمین سے نشانہ بنانے کے امکان کو تو آغاز ہی میں مسترد کردیا گیا تھا۔انھوں نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا ہے کہ مالی کے شورش زدہ شمالی علاقے میں برسرپیکار باغیوں نے طیارے کو مارگرایا ہوگا۔

مالی کے شمالی علاقے میں الجزائر کا یہ مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔طیارے کے حادثے میں فرانس کے 51 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔الجزائری فضائی کمپنی کی پرواز اے ایچ 5017 بورکینافاسو کے دارالحکومت فاسو سے الجزائر کے لیے روانہ ہوئی تھی۔اس میں عملے کے ارکان سمیت ایک سو سولہ افراد سوار تھے۔ ہوائی اڈے سے اڑان کے بعد طیارے کا راڈار کے ساتھ رابطہ تھا۔مالی کی فضائی حدود میں پرواز کے دوران پائلٹ نے بتایا تھا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے ہم رخ موڑ رہے ہیں اور پھر اس کا راڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

بورکینا فاسو کے حکام کے مطابق مسافر طیارے میں فرانس کے 51، بورکینافاسو کے 27، لبنان کے 8 اور الجزائر کے 6 شہری سوار تھے۔مصر، یوکرین، نائیجیریا، سوئٹزر لینڈ اور مالی کا ایک ایک شہری اس میں سوار تھا اور ان میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا ہے۔

فرانسیسی صدر فرانسو اولاند نے جمعہ ایک نشری تقریر میں بتایاہے کہ تباہ شدہ طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے۔امدادی کارروائیوں کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچنے والے فرانسیسی فوجی دستے نے فلائٹ کے ریکارڈر بلیک باکس برآمد کرلیا ہے اور وہ اس کو اپنے ساتھ مالی کے شمالی شہر غاؤ(گئیو) لے گیا ہے۔