.

سیناء میں 60 عسکریت پسند ہلاک، رفح میں 20 سرنگیں تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصری فوج نے جزیرہ نما سیناء میں تکفیریوں کے خلاف تازہ کارروائی میں کم سے کم 60 عسکریت پسند ہلاک اور 102 کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ رفح کے مقام پر بمباری میں 20 سرنگیں بھی تباہ کر دی ہیں۔

'العربیہ' کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی شمالی سیناء میں فوج کے ایک بریگیڈیئر اور پولیس اہلکاروں کے قتل کے جواب میں کی گئی۔

مصری سیکیورٹی فورسز کے مطابق کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں کے 123 ٹھکانے تباہ،247 جھونپڑیاں نذر آتش اور چھ فارم بھی تباہ کر دیے ہیں۔ بمباری میں دہشت گردوں کے زیر استعمال 24 گاڑیاں اور بغیر نمبر پلیٹ کے 118 موٹر سائیکلیں بھی تباہ کی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فلسطینی شہر غزہ کی پٹی کی سرحد پر مزید 20 سرنگوں کی نشاندہی کے بعد اُنہیں تباہ کیا گیا۔ گذشتہ ایک برس میں غزہ کی سرحد پر آر پار اسمگلنگ کے لیے بنائی گئی 1659 سرنگیں تباہ کی گئی ہیں۔

فوج کے تازہ آپریشن میں آٹومیٹک مشین گنیں، ھاون راکٹ، پٹرول بم، گولیاں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد قبضے میں لینے کے ساتھ ساتھ تین فلسطینیوں کو بھی حراست میں لیا ہے۔ یہ تینوں افراد غزہ کی پٹی سےسرنگ کے راستے مصر داخل ہو رہے تھے۔ بارڈر سیکیورٹی فورسز نے تین مشتبہ کاریں اور 650 کلو گرام منشیات بھی پکڑ لی۔