.

الجزائری گروپ کے ہاتھوں یرغمال فرانسیسی کا سر قلم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دولت اسلامی عراق وشام (داعش) سے وابستہ الجزائر کے ایک جنگجو گروپ نے ایک یرغمال فرانسیسی شہری کا سر قلم کر دیا ہے۔

شمالی افریقہ میں القاعدہ کی تنظیم سے الگ ہونے والے جنگجو گروپ جند الخلیفہ نے بدھ کو پچپن سالہ فرانسیسی ہرو گورڈیل کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں نقاب پوش جنگجوؤں کو اس کوہ پیما گائیڈ کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس گروپ نے اس فرانسیسی شہری کو گذشتہ اتوار کو الجزائر میں اغوا کر لیا تھا اور دھمکی دی تھی کہ اگر فرانس نے چوبیس گھنٹے کے اندر عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے نہ رو کے تو اس کو قتل کر دیا جائے گا۔

جہادیوں اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والے امریکا میں قائم سائٹ انٹیلی جنس گروپ نے جند الخلیفہ کی جانب سے ہرو گورڈیل کے قتل کی ویڈیو جاری ہونے کی اطلاع دی ہے۔ مقتول فرانس کے شہر نائس سے تعلق رکھتا تھا۔ فرانسیسی حکومت نے فوری طور پر اس ویڈیو کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔