.

عراق میں فرانسیسی طیاروں کے نئے فضائی حملے

جنگجوؤں کے ہاتھوں شہری کی ہلاکت پر فرانس میں تین روزہ سوگ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانس کے جنگی طیاروں نے عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر نئے فضائی حملے کیے ہیں۔

فرانسیسی حکومت کے ترجمان اسٹفین لی فول نے جمعرات کو ایک بیان میں ان حملوں کی اطلاع دی ہے۔تاہم ان کی مزید تفصیل نہیں بتائی کہ ان میں کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں یا یہ عراق کے کس علاقے میں کیے گئے ہیں۔

فرانس میں داعش سے وابستہ الجزائری جنگجوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے کوہ پیما ہرو گورڈیل کا سوگ منایا جارہا ہے۔حکومتی ترجمان کے مطابق فرانس میں جمعہ سے تین روز تک سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

درایں اثناء فرانسیسی مسلمانوں نے گورڈیل کے بہیمانہ قتل کے خلاف جمعہ کو ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔فرانسیسی مسلمانوں کی کونسل کے صدر دلیل بوبکیر نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز جمعہ کے بعد پیرس مسجد کے باہر گورڈیل کے قتل کی مذمت اور اس کے خاندان کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے میں شریک ہوں۔

شمالی افریقہ میں القاعدہ کی تنظیم سے الگ ہونے والے جنگجو گروپ جند الخلیفہ نے بدھ کو پچپن سالہ فرانسیسی ہرو گورڈیل کی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں نقاب پوش جنگجوؤں کو اس کوہ پیما گائیڈ کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔اس گروپ نے اس فرانسیسی شہری کو گذشتہ اتوار کو الجزائر میں اغوا کر لیا تھا اور دھمکی دی تھی کہ اگر فرانس نے چوبیس گھنٹے کے اندر عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے نہ رو کے تو اس کو قتل کر دیا جائے گا۔