.

ویڈیو: بہادر خاتون کے ہاتھوں کار چور کی ' نقد دُھنائی'

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کارچوری یا گاڑی جبری چھین کر فرار ہو جانا معمول کی بات ہے مگر برطانیہ میں ایک بہادر خاتون نے اپنی کار چوری کرنے والے وارداتی کی 'نقد دُھنائی' کر کے یہ ثابت کر دیا کہ کار چوری کا ایسا انجام بھی ہو سکتا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق برطانوی اخبار"ڈیلی میل" نے کار چوری کی ناکام کوشش سے متعلق رپورٹ دی ہے۔ اخبار نے اپنی ویب سائیٹ پراس واقعے کی ایک ویڈیو فوٹیج بھی پوسٹ کی ہے جو واقعے کے دوران قریب ہی لگے ایک خفیہ کیمرے کے ذریعے محفوظ ہو گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ چند روز پیشتر اولڈ مانچسٹر میں اس وقت پیش آیا جب ایک 52 سالہ خاتون ڈیبورا فیڈلنگ اپنی کار کو اسٹارٹ حال میں اپنے ہی دفتر کے سامنے کھڑی کرنے کے بعد چند لمحات کے لیے نیچے اتری۔ اس کے نیچے اترتے ہی پھرتی سے چور کار میں داخل ہو گیا لیکن خاتون کو اس کا پتہ چل گیا۔ خاتون نے کار کا پچھلا دروازہ کھول کراندر گھسنے کی کوشش کی۔ اس دوران دونوں کے درمیان خوب دھینگا مشتی ہوئی لیکن بہادر خاتون نے مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے چور کو کئی مُکے رسید کیے جس کے بعد چور کو نکل کر فرار ہونا پڑا۔

فیلڈنگ نے "ڈیلی میل" کو بتایا کہ اسے چور کے ساتھ اس شدت کے ساتھ الجھنے کی ضرورت اس لیے پڑی کہ وہ ڈرائیونگ سیٹ سے اترنے کے لیے تیار نہ تھا۔ کار میں میرا پرس اور پاسپورٹ بھی پڑے تھے اور مجھے اسی روز بیرون ملک سفر پر بھی جانا تھا۔

کار چور کی دھنائی کرنے والی خاتون کی صاحبزادی لویز فیڈلنگ نے کہا کہ "میری والدہ نے نہایت جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ وہ چور کے ساتھ اس طرح لڑ رہی تھیں جیسے کوئی ماہر جنگجو ہو۔" چور کے جوابی حملوں میں فیڈلنگ کو بھی کئی مکے لگے جس سے اس کے جسم پر نشان پڑ گئے۔ پولیس نے ویڈیو فوٹیج قبضے میں لینے کے بعد اس کی روشنی میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔