.

آسٹریلوی جیٹ طیارے کی داعش پر پہلی بار بمباری

سپر ہارنیٹ بمباری کے بعد بحفاظت واپس پہنچ گیا: فوجی حکام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

آسٹریلیا کے ایک جیٹ فائٹر طیارے نے عراق میں داعش کے خلاف پہلی فضائی کارروائی کی ہے۔ آسٹریلوی حکام نے جمعرات کے روز اس جنگی پرواز کی تصدیق کی ہے۔

تاہم آسٹریلوی فوجی حکام نے اس پرواز اور کارروائی کی تفصیل فوری طور پر جاری نہیں کی ہے، نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ داعش کو شمالی عراق کے کس حصے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

البتہ فوجی حکام کے مطابق ایف اے 18 ایف سپر ہارنیٹ نے داعش کے ایک ٹھکانے پر بمباری کی ہے۔ فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے بعد تمام طیارے بحفاظت اپنے ٹھکانوں پر واپس پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے آسٹریلیا نے عراق میں اتحادیوں کے ہمراہ کارروائیوں کے لے چھ جنگی طیارے مختص کیے ہیں۔ جبکہ زمینی فوج کے 200 اہلکار بھی عراق بھجوانے کو تیار ہے تاہم اس کے لیے عراق سے ضروری قانونی تحفظ ملنے کا انتظار ہے۔

آسٹریلوی فضائیہ کے سربراہ مارشل مارک بین سکین نے ایک روز پہلے بتایا تھا آسٹریلیا کے سپر ہارنیٹ طیاروں نے عراق میں کئی پروازیں کر لی ہیں۔