امریکا اب بھی دشمن نمبر ایک ہے:ایران

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک مرتبہ پھر امریکا کو ایرانی قوم کا دشمن نمبر ایک قرار دیا ہے۔

ایران کی خبررساں ایجنسی فارس نے پاسداران انقلاب کا یوم عاشور سے قبل ایک بیان جاری کیا ہے جس میں امریکا پر دولت اسلامیہ عراق وشام ( داعش) اور دوسرے ''تکفیری گروپوں'' کے احیاء کی سازش کا الزام عاید کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ''عراق ،شام اور لبنان میں داعش اور دوسری تکفیری سازشیں آج کی تلخ حقیقتیں ہیں اور یہ ظاہر کرتی ہیں کہ امریکا دنیا بھر میں ہونے والی سازشوں اور برائیوں کا منبع ہے جس کے پیش نظر ایک آزاد نظام اور پیارے اسلام کی طاقتور انداز میں موجودگی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا ہے''۔

ایران میں اس سال 4 نومبر منگل کو یوم عاشور کی تقریبات منائی جارہی ہیں۔1979ء میں اسی روز ایرانی طلبہ نے تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضہ کر لیا تھا اور ان کا یہ قبضہ 444 روز تک برقرار رہا تھا۔ایرانی طلبہ کی اس قبضے کی کارروائی کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی اور امریکا اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے گیا تھا۔

پاسداران انقلاب نے منگل کے روز ملک بھر میں ریلیاں نکالنے پر زوردیا ہے اور اس کو عالمی استبداد کے خلاف قومی دن قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ ایران میں ہر سال امریکی سفارت خانے پر قبضے کی سالگرہ کے موقع پر ریلیاں نکالی جاتی ہیں اور اس کو ایک طرح سے یوم فتح کے طور پر منایا جاتا ہے۔

بیان میں وائٹ ہاؤس کے حکام کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جوہری پروگرام پر مذاکرات کے دوران جرائم کے ارتکاب کی مذمت کی گئی ہے اور اس کے ناقابل تردید حق کی بحالی اور ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے پر زوردیا گیا ہے۔

پاسداران انقلاب نے ایک مرتبہ پھر سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کے وضع کردہ رہ نما اصولوں کی وجہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وقار اور آزادی کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا ہے اور نہ اس کو دشمن نقصان پہنچا سکتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں