امریکا وسط مدتی انتخاب، ریپبلکنز کی سینیٹ میں برتری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکا میں منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات ابتدائی نتائج کے مطابق ریپبلکنز کو سینیٹ میں حکمران جماعت ڈیموکریٹس پر برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ڈیموکریٹس کو 55 نشستوں کے ساتھ سینیٹ میں اکثریت حاصل تھی لیکن وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق ریپبلکنز نے آکنسا، کولوراڈو، مونتانا، نارتھ کیرولینا، ساوتھ ڈکوٹا اور ویسٹ ورجینیا سے چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے عددی برتری حاصل کر لی ہے۔

یہ انتخابات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب صدر براک اوباما کی مدتِ صدارت مکمل ہونے میں دو ہی برس باقی رہ گئے ہیں۔ ان انتخابات کے نتیجے میں اس بات کا تعین ہو گا کہ آیا کانگریس میں ڈیموکریٹس کو کنٹرول حاصل ہوتا ہے یا ری پبلکنز اپنی گرفت مضبوط بناتے ہیں۔

منگل کو ہونے والے اِن انتخابات میں ایوان نمائندگان کی تمام کی تمام 435 نشستوں، جب کہ سینیٹ کی 100 سیٹوں میں سے ایک تہائی نشستوں کے لیے الیکشن ہوا۔

بیشتر مشرقی ریاستوں میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے جب کہ تمام ریاستوں میں ووٹ ڈالنے کا عمل مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے مکمل ہوا۔

عوام اور تجزیہ کاروں کا دھیان زیادہ تر سینیٹ پر مرکوز تھا جہاں، متعدد تجزیہ کاروں کا خیال یہی تھا کہ ری پبلکنز مزید چھ نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ایسے میں جب صدر کی مقبولیت گِر کر 40 فی صد رہ گئی ہے، ری پبلکن پارٹی چند ایک ریاستوں میں بہتر پوزیشن میں ہے، جہاں سے دو برس قبل ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران صدر اوباما نہیں جیت پائے تھے۔

صدر اوباما کا نام بیلٹ پیپر پر نہیں ہے۔ تاہم، وہ کہتے ہیں کہ اُن کی پالیسیاں امتحان سے گزریں گی اور ری پبلکنز نے اپنے ڈیموکریٹ مخالفین کو مسٹر اوباما کی عدم مقبولیت سے نتھی کرنے کی کوششیں کی ہیں۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ ری پبلکنز اِس قابل ہو جائیں گے کہ وہ نہ صرف اپنی نشستیں بچا سکیں، بلکہ اُس میں اضافہ کر سکیں، جب کہ اُنھیں اب بھی 233 نشستوں کے ساتھ 435 رکنی ایوان میں برتری حاصل ہے۔

رائے عامہ کے تازہ ترین تجزیوں سے پتا چلتا ہے کہ ری پبلکن امیدوار مغربی ورجینیا، ساؤتھ ڈکوٹا اور مونٹانا میں سینیٹ کی نشستوں پر آسانی کے ساتھ کامیاب ہو جائیں گے، جو اِس وقت ڈیموکریٹس کے ہاتھ میں ہیں۔

پولنگ کے رجحان سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ آئیووا، آرکینسا، کولوراڈو اور اَلاسکا میں بھی ریپبلیکنز آسانی سے سینیٹ کی نشستیں جیت لیں گے۔

ملک کے جنوب میں، جورجیا اور لوئزیانا کی ریاستوں کی دو سینیٹ کی سیٹوں پر، کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ اور کسی امیدوار کو نصف سے زیادہ ووٹ نہ پڑنے کی صورت میں وہاں دوبارہ انتخابات کا بھی امکان ہو سکتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں