.

امریکا: داعش مخالف جنگ، مزید سوا تین ارب ڈالر درکار

اوباما انتظامیہ کی کانگریس سے وسائل فراہمی کی نئی درخواست

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

صدر اوباما داعش کے خلاف امریکی فضائی کارروائیوں کو موثر انداز میں جاری رکھنے اور عراقی فوج کی تربیت و مضبوطی کے لیے آج جمعہ کے روز امریکی کانگریس کے ارکان سے تین ارب بیس کروڑ ڈالر کی مزید منظوری دینے کے لیے کہیں گے۔

ان فنڈز کی منظوری سے امریکی فضائی کارروائیوں میں شریک دستے اس پوزیشن میں آسکیں گے کہ وہ کئی ہفتوں سے داعش کے خلاف مہم کو موثر بنانے کے لیے نئے اور زیادہ مہلک بموں کا اضافہ کر سکیں۔ نیز کرد جنگجووں اور عراقی فوج کو داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنے کی ضرورت کے تحت مزید تربیت اور ہتھیار بھی دیے جا سکیں گے۔

امریکی فوجی کمانڈرز کے مطابق داعش کے خلاف امریکی مہم کو کئی سال لگ سکتے ہیں۔ جبکہ داعش پر ہزاروں فضائی کارروائیاں کرنا ہوں گی۔ امریکی پینٹاگان کے مطابق اس سلسلے میں امریکی اخراجات کی لاگت آٹھ اعشاریہ تین ملین یومیہ ہے۔

اس کے بر عکس غیر جانبدار ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی اخراجات اس سے زیادہ ہو رہے ہیں اور آئندہ بھی زیادہ وسائل کی ضرورت ہو گی۔ پینٹا گان کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16 اکتوبر تک داعش مخالف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 580 ملین ڈالر خرچ ہو چکے ہیں۔

ان مطلوبہ وسائل میں سے قریبا چھ سو امریکی فوجی مشیران کو بھی ادائیگی کی جائے گی۔ یہ امریکی مشیران عراقی فوج کے علاوہ کرد جنگجووں کی تربیت اور رہنمائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ جبکہ 800 فوجی امریکی سفارت خانے اور بغداد ائیر پورٹ کی حفاظت پر مامور ہیں۔

کانگریس سے وسائل فراہم کرنے کی منظوری کے لیے کہنے کا مطلب داعش مخالف جنگ کی از سر نو منظوری لینا بھی ہے۔ تاہم اس حوالے سے کانگریس میں پھر سے بحث کا ماحول بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

حالیہ وسط مدتی انتخابات کے بعد اوباما انتظامیہ کا کانگریس سے پہلی بار سامنا ہو گا۔ واضح رہے گذشتہ منگل کے روز ہونے والے وسط مدتی انتخابات اوباما اور ان کی جماعت کے حق میں نہیں رہے ہیں۔ اور رپبلکن سینیٹ میں بھی اکثریت میں آ گئی ہے۔

اس سے پہلے ماہ جون میں اوباما انتظامیہ نے کانگریس سے اٹھاون اعشاریہ چھ ملین کے جنگی بجٹ کی درخواست کی تھی۔ تاہم یہ بجٹ رواں مالی سال تک کے لیے تھا۔

حکام کے مطابق داعش کے خلاف جنگ کو وسعت دینے سے اخراجات کی سطح لیبیا میں 2011 کی جنگی مہم سے بھی زیادہ ہو جانے کا امکان ہے۔