.

سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان کی آسٹریلیا آمد

برسبین میں جی 20 سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز جی 20 سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے جمعرات کو آسٹریلیا کے شمالی شہر برسبین پہنچ گئے ہیں۔

گروپ 20 کے اس سربراہ اجلاس میں رکن ممالک میں اقتصادی شرح نمو ،روزگار اور مالیاتی بحرانوں سے بچنے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔برسبین آمد پر آسٹریلوی حکام نے سعودی ولی عہد کا استقبال کیا۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''مبصرین سعودی عرب کے گروپ 20 میں کردار اور عالمی معیشت کی معاونت کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔اس کے علاوہ سعودی عرب نے گروپ کے مختلف ممالک کی معیشت کو سنبھالا دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے''۔

واضح رہے کہ سعودی عرب خودمختار سرمایہ کاری فنڈ قائم کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا اور عرب دنیا کا پہلا بڑا ملک ہے۔سعودی عرب کے پاس اس وقت زرمبادلہ کے سب سے بڑے ذخائر موجود ہیں۔

سعودی مملکت کی مانیٹری ایجنسی نے اسی سال اپریل میں اعلان کیا تھا کہ اس کے دستیاب نقد مالی ذخائر میں سترہ فی صد اضافہ ہوا ہے اور ان کی مالیت بڑھ کر 2.54 ٹریلین ( دوکھرب ،چوّن ارب) سعودی ریال ہوچکی ہے۔ڈالرز میں یہ رقم 680 ارب بنتی ہے اور دنیا میں زرمبادلہ کے یہ سب سے بڑے ذخائر ہیں۔