نائیجیریا: بوکوحرام کا شیبوک پر قبضہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

نائیجیریا میں سخت گیر جنگجو گروپ بوکوحرام نے شمالی مشرقی ریاست بورنو میں واقع سرحدی قصبے شیبوک پر قبضہ کر لیا ہے۔

بورنو کے ایک مقامی مسیحی پادری اینوچ مارک اور سینیٹر علی ندوم نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ''بوکو حرام کا شیبوک پرمکمل کنٹرول ہوچکا ہے۔اس کے جنگجوؤں نے جمعرات کی شام چار بجے قصبے پر حملہ کیا تھا۔انھوں نے کمیونیکشن آلات تباہ کردیے ہیں اور مکینوں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا ہے۔ان افراد نے فون کے ذریعے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اس قصبے پر بوکو حرام کا مکمل کنٹرول ہوچکا ہے۔

سینیٹر علی کے بہ قول شیبوک میں اس وقت کوئی ٹیلی فون سروس نہیں ہے اور اسی وجہ سے قصبے کی صورت حال سے متعلق ان تک اطلاع موصول ہونے میں تاخیر ہوئی ہے۔

پادری مارک نے مزید بتایا ہے کہ بوکو حرام نے اس سے پہلے پڑوس میں واقع ریاست آدم آوا کے دو قصبوں ہانگ اور گومبی پر قبضہ کر لیا تھا۔اس کے بعد انھوں نے شیبوک پر حملہ کیا ہے۔ان کی سرکاری فوجیوں اور رضاکار کے ساتھ شدید لڑائی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ''بوکو حرام کے جنگجوؤں نے حملے کے دوران راکٹ گرینیڈوں کا استعمال کیا ہے۔اس سے شہر کے تمام ٹیلی کمیونیکشن ٹاور تباہ ہوگئے ہیں،قصبے کے بعض مکین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔اب کوئی بھی یہ نہیں کہ سکتا ہے کہ وہاں املاک کو کتنا نقصان پہنچ چکا ہے''۔

بوکو حرام کے مسلح جنگجوؤں نے 14 اپریل کو شیبوک میں ایک گورنمنٹ سکینڈری اسکول سے دو سو چھہتر طالبات کو اغوا کر لیا تھا۔چھے ماہ سے زیادہ عرصہ گزرجانے کے باوجود ان طالبات کی رہائی ممکن نہیں ہوسکی ہے۔نائیجیریا کی حکومت نے گذشتہ ماہ یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کا اس جنگجو گروپ کے ساتھ سیز فائر ہوگیا ہے اور جلد امن مذاکرات شروع ہوجائیں گے۔

بوکوحرام کے لیڈرابوبکر شیخاؤ نے حال ہی میں ایک بیان میں یہ اطلاع دی تھی کہ ان تمام طالبات نے اسلام قبول کر لیا ہے۔شیخاؤ نے ان طالبات کو اپنے جنگجوؤں کے ساتھ بیاہنے کا بھی اعلان کیا تھا۔انھوں نے قبل ازیں جیلوں میں قید یا حکام کے زیر حراست اپنے جنگجوؤں کے بدلے میں انھیں رہا کرنے کی پیش کش کی تھی۔تاہم ان میں سے ستاون طالبات ان کے چُنگل سے بچ کر اپنے گھروں میں واپس پہنچ گئی تھیں۔بعض اطلاعات کے مطابق سو سے زیادہ طالبات ان کے چُنگل سے رہائی پاچکی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں