.

'العربیہ' کے جنرل منیجر عبدالرحمان الراشد مستعفی ہو گئے

MBC چیئرمین نے ڈاکٹر عبدالطریفی کو 'العربیہ' کا نیا سربراہ مقرر کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مڈل ایسٹ براڈکاسٹنگ کارپوریشن MBC کے چیئرمین شیخ ولید آل ابراہیم نے 'العربیہ' نیوز چینل کے جنرل منیجر عبدالرحمان الراشد کا استعفی منظور کرتے ہوئے چینل کے ڈپٹی جنرل منیجر ڈاکٹر عبدالطریفی کو العربیہ کا نیا جنرل منیجر مقرر کر دیا ہے۔

چیئرمین آفس سے جاری ہونے والے بیان میں شیخ ولید آل ابراہیم نے عبدالرحمان الراشد کی العربیہ نیوز کو ایک کامیاب نشریاتی ادارہ بنانے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شیخ آل ابراہیم نے توقع ظاہر کی ہے چینل کے نئے جنرل منیجر ڈاکٹر الطریفی اپنے کامیاب صحافتی اور دانشورانہ کیریئر کو بروئے کار لاتے ہوئے العربیہ کی ان کامیابیوں کے سفر کو جاری رکھیں گے جس کی داغ بیل دس برس قبل عبدالرحمان الراشد نے رکھی۔

ڈاکٹر الطریفی نے عبدالرحمان الراشد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مطبوعہ صحافت سے لیکر ٹی وی جرنلزم اور حالیہ چند دنوں میں ڈیجیٹل صحافت کا ایسا پیشہ وارنہ سکول قائم کیا جس سے عرب صحافیوں کی پوری نسل تادیر استفادہ کرتی رہے گی۔

ڈاکٹر عادل الطریفی نامور سعودی صحافی، تجزیہ کار ہیں۔ انہوں نے لندن سکول آف اکنامکس سے بین الاقوامی تعلقات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ ایم بی سی گروپ میں شمولیت سے پہلے وہ انہوں نے لندن سے شائع ہونے والے پین عرب روزنامہ الشرق الاوسط اور اسی ادارے کے ہفت روزہ 'المجلہ' کی ادارت کے فرائض سرانجام دیئے۔

درایں اثنا MBC گروپ کے چیئرمین نے مستعفی ہونے والے عبدالرحمان الراشد کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں گروپ کا بورڈ ممبر مقرر کیا ہے تاکہ ادارہ ان کے تجربے سے گاہے بگاہے استفادہ کرتا رہے۔