.

اوباما کے شوق نے شادی کی خوشیاں برباد کر ڈالیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان میں وی آئی پی کلچر سے کون ناواقف ہے۔ یہاں حکومتی اہلکاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی جاتی ہے۔ مگر اب لگتا ہے کہ پاکستان کے اہم اتحادی امریکا کے صدر بھی پاکستانی حکمرانوں سے متاثر ہو کر وی آئی پی کلچر کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔

امریکی صدر براک اوباما ان دنوں ہوائی میں سالانہ چھٹیوں پر ہیں اور ان کے گالف کھیلنے کے شوق کی وجہ سے دو امریکی فوجی افسران کی شادی کی جگہ تبدیل کرنی پڑی۔

امریکی فوج کی کپتان نیتالی ہیمل اور ایڈورڈ مالیو نے اتوار کے روز کنوہے کلپر گالف کورس پر شادی کی تقریب کا اہتمام کر رکھا تھا۔ مگر پھر انہیں معلوم ہوا کہ صدر اوباما بھی اسی وقت گالف کھیلنے کے لئے آئیں گے جس وقت ان کی شادی کی تقریب رکھی گئی ہے۔

اس نئی خبر کے سامنے آتے ہی انہوں نے آخری لمحات میں اپنی شادی کی تقریب کو بیس کمانڈر کی رہائشگاہ کے لان میں منتقل کر دیا۔

مگر پاکستانی حکمرانوں کے برعکس امریکی صدر نے اس خبر کے بارے میں جان کر فوری طور پر جوڑے کو فون کیا اور ان کو شادی پر مبارکباد دی اور ان کو مشکل میں ڈالنے پر معافی مانگی۔

ہیمل کی بہن نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر لکھا کہ،" میری بہن اور ان کے شوہر کو اوباما نے بذات خود کال کی اور ان کی شادی کی تقریب میں خلل ڈالنے پرمعافی مانگی۔ کمال ہے۔" ایک امریکی اخبار کے مطابق براک اوباما اپنی آبائی ریاست ہوائی میں نو دنوں سے چھٹیوں پر ہیں جن میں سے چھ دن انہوں نے گالف کھیلی ہے۔ اس کے علاوہ کرسمس کی شام کو بھی اوباما نے ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق کے ساتھ گالف کا ایک رائونڈ کھیلا تھا۔