پیرس:فائرنگ کا ایک اور واقعہ ،خاتون پولیس افسر ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے میں بلٹ پروف جیکٹ پہنے ایک مسلح شخص نے خودکار ہتھیار سے فائرنگ کردی ہے جس کے نتیجے میں ایک خاتون پولیس افسر ہلاک اور ایک سویپر شدید زخمی ہوگیا ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ جمعرات کی صبح پیرس کے جنوب میں واقع علاقے منٹروج میں پیش آیا ہے۔فرانسیسی وزیرداخلہ برنارڈ کازینوف نے کہا ہے کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔وہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کابینہ کا ہنگامی اجلاس چھوڑ کر جائے وقوعہ پر پہنچے تھے۔

مسٹر کازینوف نے خبردار کیا ہے کہ اس حملے سے متعلق فوری طور پر کسی نتیجے تک پہنچنے سے گریز کیا جائے اور بظاہر اس کا بدھ کو پیرس میں طنزیہ مواد شائع کرنے والے میگزین چارلی ہیبڈو کے دفتر پر حملے سے کوئی تعلق نظر نہیں آتا ہے۔بدھ کو مسلح افراد کی فائرنگ سے آٹھ صحافی ،دو پولیس اہلکار اور دو اور افراد مارے گئے تھے۔اس حملے کے بعد سے فرانس میں سکیورٹی کی سطح انتہائی الرٹ ہے۔

فرانسیسی وزیرداخلہ نے بتایا ہے کہ خاتون پولیس افسر ایک ٹریفک حادثے کی تحقیقات کے لیے شاہراہ پر موجود تھی۔اس دوران فائرنگ شروع ہوگئی۔نزدیک واقع ایک گھر سے اس واقعے کو مشاہدہ کرنے والے احمد ساسی نامی شہری نے بتایا ہے کہ ''پولیس افسر سفید رنگ کی ایک کار کے سامنے کھڑی تھی۔اس دوران مسلح شخص فائرنگ کرکے فرار ہوگیا''۔پولیس نے بتایا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص سڑک پر صفائی کرنے والا تھا۔

ساسی نے مزید بتایا ہے کہ ''حملہ آور نے گہرے رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے اور اس نے نقاب نہیں کیا ہوا تھا۔اس کے ہاتھ میں کوئی بڑی بندوق نہیں تھی کیونکہ اس نے اس کو ایک ہی ہاتھ میں پکڑ رکھا تھا''۔ فوری طور پر کسی گروپ یا شخص نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں