.

اوباما کے دورے سے پہلے جان کیری بھارت روانہ

احمد آباد میں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی وزیر خارجہ جان کیری دو ہزار پندرہ میں اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے بھارت روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ جنوبی ایشیا کے اس اہم ملک کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے موضوعات پر پیش رفت کے لیے تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ صدر اوباما کے رواں ماہ کے اواخر میں ہونے والے دورہ بھارت کی تیاری کے حوالے سے بھی جان کیری کی بھارت آمد اہم ہو گی۔

جان کیری کا چھ ماہ کے دوران بھارت کا یہ دوسرا دورہ ہو گا۔ امریکا اور بھارت سٹریٹجک تعلقات رکھتے ہیں اس ناطے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد افغانستان میں بھارتی کردار بھارت کے لیے انتہائی اہم معاملہ ہے۔

جان کیری کے بارہ جنوری کو پاکستان کے دورے کی بھی اطلاع ہے۔ وہ بعدازاں بلغاریہ پہنچیں گے۔ واضح رہے امریکی صدر اوباما چھبیس جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ بھارت سے آزادی کے لیے کوشاں کشمیری عوام اس بھارتی یوم جمہوریہ کو کئی دہائیوں سے یوم سیاہ کے طور پر مناتے آ رہے ہیں۔

بھارت کی دائٰیں بازو کی حکمران جماعت بی جے پی کی متنازعہ ریاست جموں و کشمیر میں انتخابی اہداف حاصل نہ کرنے کے بعد ایک روز قبل ہی مرکزی حکومت نے کشمیر میں گورنر راج کا نفاذ کیا ہے۔ اب تک بھارت کشمیر میں چھ مرتبہ گورنر راج نافذ کر چکا ہے۔

بھارت کو ووٹرز کی تعداد کے اعتبار سے سب سے بڑی جمہوریت کہا جاتا ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین پاسکی کے مطابق جان کیری بھارت جاتے ہوئے چند گھنٹوں کے لیے میونخ میں بھی رکیں گے۔ تاہم میونخ میں ان کا مختصر قیام ذاتی نوعیت کا ہو گا۔

بھارت پہنچنے کے بعد جان کیری کی ایک اہم سرگرمی مغربی شہر احمد آباد میں سرمایہ کاروں کی عالمی کانفرنس سے خطاب ہو گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ امریکا بھارت میں ایک ایسی کانفرنس میں بطور پارٹنر شریک ہو رہا ہے۔

امریکا اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم ایک سو ارب ڈالر ہے ۔ بھارت اس تجارتی حجم کو پانچ سو ارب ڈالر تک لانا چاہتا ہے۔ فی الحال امریکی حکام نے ایسا اشارہ نہیں دیا کہ آیا امریکا اس سلسلے میں کو ئی بڑا معاہدہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے یا نہیں۔ اس دوران جان کیری کی بھوٹان کے وزیر اعظم سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

امریکی ترجمان نے کہا نریندر مودی بھارتی معیشت کی نئی تشکیل چاہتے ہیں، اس حوالے سے میرا خیال ہے کہ امریکا کلیدی کردار ادا کرنے والا ملک ہو گا کیونکہ یہ دونوں ملکوں کے لیے ہی کامیابی ہو گی۔ امریکی دفتر خارجہ کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جان کیری گجرات میں فورڈ آٹو موٹیو مینو فیکچرنگ پلانٹ کا بھی دورہ کریں گے۔ اس پلانٹ کا جلد ہی افتتاح متوقع ہے۔