مودی،اوباما جوہری تعاون پر تعطل دور کرنے پرمتفق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر براک اوباما نے دونوں ممالک کے درمیان سویلین جوہری توانائی میں تعاون سے متعلق معاہدے پر جاری تعطل کو دور کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

نریندر مودی نے دارالحکومت نئی دہلی میں امریکی صدر براک اوباما کے ساتھ اتوار کی شام بات چیت کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں اس ضمن میں ایک سمجھوتا طے پانے کی نوید دی ہے۔انھوں نے کہا کہ ''جوہری تعاون کے دوطرفہ سمجھوتے پر دستخط کے چھے سال کے بعد اب ہم تجارتی تعاون کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں اور یہ ہمارے قوانین اور بین الاقوامی قانونی احتیاجات کے مطابق ہو گا''۔

دونوں ممالک نے سنہ 2008ء میں دوطرفہ جوہری تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔اس کے تحت امریکا نے بھارت کو سویلین جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی دینے سے اتفاق کیا تھا لیکن اس پر اب تک بھارت کے کسی جوہری حادثے کی صورت میں معاوضے کی ادائی کے ضمن میں سخت قوانین کی وجہ سے عمل درآمد نہیں ہوسکا تھا۔

فوری طور پر دونوں لیڈروں کے درمیان طے پائے نئے سمجھوتے کی تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے کہ انھوں نے گذشتہ چھے سال سے جاری تعطل کو کیسے دور کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق بھارت نے ایک انشورنس پول کے قیام کی پیش کش کی ہے۔اس سے بھارت میں جوہری ری ایکٹر تعمیر کرنے والی کمپنیوں کو کسی جوہری حادثے کی صورت میں معاوضہ ادا کیا جاسکے گا۔

امریکی صدر براک اوباما نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ''آج ہم نے سول نیوکلئیر تعاون سے متعلق تعطل کو دور کرنے کے لیے دو ایشوز پر اہم پیش رفت کی ہے۔ہم اس معاہدے پر مکمل درآمد کے لیے پُرعزم ہیں۔یہ پیش رفت ہمارے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے''۔

امریکی صدر اتوار کی صبح پونے دس بجے کے قریب اپنے سرکاری دورے پر نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر اترے تھے۔ہوائی اڈے پر آمد پر خود وزیراعظم نریندر مودی نے پروٹوکول کے تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ان کا استقبال کیا ہے۔

صدر اوباما کے دورے کے موقع پر بھارت نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور دہلی میں قریباً چالیس ہزار سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور پندرہ ہزار نئے کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔اوباما اپنے دوراقتدار میں بھارت کا دوسرا سرکاری دورہ کرنے والے پہلے امریکی صدر ہیں۔وہ سوموار کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد ہونے والے پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں