.

ترکمانستان میں صرف سفید کاریں درآمد کرنے کی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وسطی ایشیا میں قدرتی تیل کی دولت سے مالا مال ریاست ترکمانستان کے ذرائع ابلاغ نے کسٹم حکام اور دیگر سرکاری اداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ حکومت نے بیرون ملک سے سفید رنگ کی کاروں کے علاوہ دیگر رنگوں کی کاریں درآمد کرنے پابندی عاید کر دی ہے۔

حکومت کی جانب سے اگرچہ باضابطہ اعلان تو نہیں کیا گیا تاہم کسٹم حکام کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے صرف سفید کاروں کی درآمد کی اجازت دی ہے اور دوسرے رنگوں کی کاروں پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ حکومت کے اس اقدام کے بعد ملک میں پہلے سے موجود غیر سفید رنگ کی کاروں کے مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس آئندہ کسی بھی شہری کو کار چلانے کا ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے سے قبل یہ امر یقینی بنائے گی کہ اس کے پاس صرف سفید رنگ ہی کی کار ہے تاہم ایک دوسرے ذریعے نے اس کی تردید کی ہے۔

یورپ فری ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق ترکمانستان میں ایک گاڑی کا رنگ تبدیل کرنے میں 800 سے ایک ہزار ڈالر تک کے اخراجات آتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے صرف سفید کاروں کے اس تخیل کا سبب معلوم نہیں ہو سکا ہے۔