.

جنرل راشد محمود کی خادم الحرمین الشریفین سے ملاقات

سی جے سی ایس سی کو سعودی عرب کا اعلی ترین اعزاز عطاء کیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستانی مسلح فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے منگل کے روز سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنرل راشد نے حکومت اور مسلح فوج کی جانب سے شاہ سلمان کو مملکت کی زمام کار سنبھالنے پر نیک خواہشات پہنچائیں۔

مرحوم شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے جنرل راشد نے معاشی ترقی اور دہشت گردی ختم کرنے کے سلسلے میں شاہ عبداللہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مستقبل کے عظیم چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے سعودی قیادت کی کامیابی اور ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنے دورہ سعودی عرب میں جنرل راشد محمود نے مملکت کے وزیر دفاع عزت ماب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز، سعودی نیشنل گارڈز کے کمانڈر شہزادہ متعب بن عبداللہ، عزت ماب عبدالرحمن بن علی نائب وزیر داخلہ، جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان چیف آف جنرل سٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں دفاعی پیداوار، تعاون، ایکسچینج پروگرام، دونوں مسلح افواج کی تربیت سمیت پیشہ وارانہ دلچسپی کے دیگر امور زیر بحث آئے۔

جنرل راشد کی سعودی زعما سے گفتگو کا محور علاقائی سیکیورٹی کا احیاء رہا۔ انہوں نے سعودی قیادت کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ نیز پاکستانی جنرل نے سعودی میزبانوں کو دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور نئی افغان حکومت سے بہتر تعلقات یقینی بنانے کی خاطر کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس سے پہلے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف کمیٹی نے ریاض میں شاہ عبدالعزیز ملٹری اکیڈیمی کا دورہ کیا۔ انہوں نے اکیڈیمی میں سعودی مسلح افواج کے اعلی تربیتی معیار کو بہت زیادہ سراہا۔

درایں اثنا سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے پہلے دن پاکستانی جنرل راشد محمود کو مملکت کا اعلی ترینن ایوارڈ شاہ عبدالعزیز میڈل عطاء کیا۔ یہ اعزاز شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر پاکستانی جنرل کو عطا کیا گیا۔