.

ترکی: وڈیو گیم میں پرتشدد مواد کے لئے تحقیقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی کی وزارت سماجی پالیسی وعائلی امور معروف وڈیو گیم 'مائن کرافٹ' پر اس الزام کی تحقیق کررہی ہے کہ آیا وہ خواتین کے خلاف تشدد کو ابھارتی ہے یا نہیں۔

سال 2009ء میں ریلیز کی جانیوالی اس گیم کو دنیا بھر میں تقریبا ایک کروڑ ستر لاکھ افراد خرید چکے ہیں اور اسے دنیا میں ایک معروف اور پسندیدہ گیم کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ترک اخبار حریت کے مطابق وزارت سماجی پالیسی و عائلی امور پرتشدد مواد کی موجودگی کی شکایت پر تحقیقات کروا رہی ہے۔

'مائن کرافٹ' میں کھلاڑی کیوبز کی مدد سے عمارات کی تعمیر کرتا ہے اور مختلف بلائوں کا مقابلہ کرتے ہوئے تمام مراحل پار کرتا ہے۔ اس گیم کے آخری مرحلے میں کھلاڑی کو خواتین، اتحادیوں حتیٰ کہ اپنے دوستوں کو بھی قتل کرنا پڑتا ہے تاکہ وہ اپنی جان بچا سکے۔

ایک گیمنگ ویب سائٹ 'کوٹاکو' کے مطابق امریکا میں سال 2013 کے دوران ایک نو سال کے بچے کو سکول میں متعدد ہتھیار لے کر آنے پر جج نے گھر میں نظر بندی کی سزا سنا دی تھی۔ بچے کے مطابق اسے ایسے اقدامات اٹھانے کے لئے حوصلہ افزائی مائن کرافٹ کے کردار سے ملی تھی۔

امریکا میں والدین کی راہنمائی کے لئے موجود ویب سائٹ 'کامن سینس میڈیا' نے گیم میں کھیلنے والوں کی تخلیقی صلاحیت بڑھانے پر تعریف کی مگر انہوں نے بتایا ہوا ہے کہ گیم کے دوران کھلاڑی کو جارح بلائوں کا سامنا کرنا پڑے گا جن کے مقابلے کے لئے تلواروں اور تیر کمان کا استعمال کرنا پڑے گا۔