.

ترک صدر کی شاہ سلمان سے بات چیت کے لیے الریاض آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترک صدر رجب طیب ایردوآن سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض پہنچے ہیں جہاں وہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترک صدر کا شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے آمد پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ،ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں نے استقبال کیا ہے۔وہ ہفتے کے روز جدہ پہنچے تھے اور انھوں نے سعودی عرب میں آمد کے فوری بعد مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا تھا۔

ان کے الریاض پہنچنے سے صرف ایک روز قبل اتوار کو مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی تھی اور ان سے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور پر بات چیت کی تھی۔ترک صدر اپنے مصری ہم منصب کے شدید ناقد ہیں اور انھوں نے اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی حکومت کی جولائی 2013ء میں برطرفی کی شدید مخالفت کی تھی۔وہ مصری فورسز کے اخوان المسلمون کے خلاف کریک ڈاؤن پر بھی گاہے گاہے تنقید کرتے رہتے ہیں۔