.

بوکو حرام کا داعش سے وفاداری کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

نائیجیریا کی انتہا پسند تنظیم بوکو حرام نے عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ عراق و شام [داعش] کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

بوکو حرام کی جانب سے سماجی راطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تنظیم کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ کے اکاؤنٹ سے جاری کیے جانے والے ایک آڈیو پیغام میں اعلان کیا گیا ہے "ہم خلافت سے اپنی وفاداری کا اعلان کرتے ہیں۔"

گذشتہ برس ایک ویڈیو پیغام میں ابوبکر شیکاؤ نے دولتِ اسلامیہ کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو ’خلیفہ‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔ انھوں نے القاعدہ کے ایمن الظواہری کی بھی تعریف کی تھی۔ بوکوحرام کی طرف سے ایک حالیہ وڈیو میں بظاہر دو مبینہ جاسوسوں کو قتل کرتے دکھایا گیا تھا۔

نائیجیریا کی فوج نے بوکو حرام کے خلاف حالیہ کارروائی میں ریاست بورنو میں کارروائی کرتے ہوئے شدت پسند تنظیم کے 300 سے زائد جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس سے پہلے نائیجیریا ہی میں مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں بوکو حرام عالمی بدنامی کما چکی ہے جبکہ اقوام متحدہ نے اسے دہشت گرد گروپوں کی فہرست میں شامل کررکھا ہے۔