.

امریکا اور اسرائیل میں باہمی تعاون کا کوئی متبادل نہیں: نیتن یاھو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل میں حال ہی میں بھاری اکثریت کے ساتھ پارلیمانی انتخابات میں کامیاب ہونے والے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے امریکی انتظامیہ کے ساتھ اپنی سرد جنگ یہ کہہ کر کم کرنے کی کوشش کی ہے کہ امریکا اور اسرائیل کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا کوئی متبادل راستہ موجود نہیں ہے۔

امریکی ٹی وی "این بی سی" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نیتن یاھو نے تسلیم کیا کہ ان کے امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات ہیں لیکن اس کے باوجود ہم مل کرکام کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے درمیان باہمی تعاون کا کوئی متبادل آپشن نہیں ہے کیونکہ ہم ہی ایک دوسرے کے حلیف اور اتحادی ہیں۔

نیتن یاھو نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلامی تحریک مزاحمت "حماس" کے ساتھ تعلقات ختم کرے اور اسرائیل سے بامقصد بات چیت کا عمل بحال کرے۔

ایک سوال کےجواب میں نیتن یاھو کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ اسرائیلی عوام نے ایک بار میری پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں بھاری اکثریت کےساتھ کامیاب کرایا ہے۔ میں یہودیوں اور عربوں کا وزیراعظم ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔