.

یورپ میں نوے [90] فیصد سورج گرہن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یورپ، افریقا اور ایشیا میں کروڑوں افراد نے جمعہ کو سالِ رواں کے پہلے سورج گرہن کا نظارہ کیا جو حالیہ برسوں کے دوران سورج کو لگنے والا سب سے واضح گرہن تھا۔ مشرق وسطی کے بعض علاقوں میں بھی جزوی گرہن دیکھا گیا۔

مکمل سورج گرہن قطبِ شمالی اور اس سے متصل علاقوں میں نظر آیا جہاں یہ نظارہ دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں سیاح پہنچے تھے۔ اس علاقے میں 60 برسوں کے بعد یہ پہلا مکمل اور واضح سورج گرہن تھا۔

سورج گرہن کے باعث یورپ اور روس میں دن کے اوقات میں جھٹ پٹے کا سا سماں رہا جب کہ شمالی افریقا، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا کے کئی ملکوں میں بھی جزوی سورج گرہن ہوا۔

برطانیہ میں سنہ 1999 کے بعد یہ پہلا واضح جزوی سورج گرہن تھا جس کے دوران 80 فی صد سے زائد سورج چاند کے پیچھے چھپا رہا۔

طویل عرصے بعد ہونے والے اس گرہن کو دیکھنے کے لیے برطانوی شہری خاصے پرجوش تھے جب کہ نشریاتی اداروں نے بھی گرہن کو براہِ راست نشر کیا۔ ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں اگلا سورج گرہن اگست 2026ء میں ہو گا۔

مکمل سورج گرہن کے نظارے کے لیے لگ بھگ آٹھ ہزار سیاح قطبِ شمالی کے نزدیک ڈنمارک کے زیرِ انتظام جزائر فرو کے تورشان پہنچے جہاں دو منٹ سے کچھ زائد وقت تک مکمل گرہن ہوا۔

دن کے اوقات میں سورج کے اچانک چھپ جانے کے باعث یورپ کے کئی ملکوں میں شمسی توانائی کے بحران کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا تھا لیکن بیشتر ملکوں میں حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداوار کوئی غیر معمولی کمی نہیں آئی۔