.

ایک سو امریکی فوجیوں کو قتل کر دیں: داعش

ہدف قرار دیئے گئے امریکی فوجیوں کے نام اور پتے جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے تقریباً 100 کے قریب فوجيوں کو دی گئی آن لائن دھمکی کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ دھمکی، بقول امریکا، مبینہ طور پر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی جانب سے دی گئی ہے۔

اس شدت پسند تنظیم سے منسلک ایک ویب سائٹ پر ان افراد کے نام اور پتوں کی فہرست جاری کی گئی ہے اور دولتِ اسلامیہ کے حامیوں سے انہیں ہلاک کر دینے کو کہا گیا ہے۔

یہ معلومات جاری کرنے والے گروپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے انٹرنیٹ سروز اور ڈیٹابیس ہیک کر کے یہ معلومات جمع کی ہیں جبکہ امریکی حکام کے مطابق ان میں سے زیادہ ڈیٹا ویسے ہی آن لائن دستیاب تھا۔

پینٹاگان کے ایک اہلکار نے کہا ہے وہ اس پیغام کی قانونی حیثیت کی تصدیق نہیں کر سکتے۔

امریکی سکیورٹی ذرائع نے کے مطابق جن لوگوں کے نام اس فہرست میں ہیں، ان کے اہل خانہ کو اس بارے میں مطلع کیا جا رہا ہے۔
خود کو دولتِ اسلامیہ کے ہیکنگ ڈویژن کے نام سے متعارف کروانے والے گروپ نے جن لوگوں کے پتے، تصاویر اور نام جاری کیے ہیں ان کے بارے میں یہ بھی کہا ہے کہ انھوں نے تنظیم کے خلاف امریکی کارروائیوں میں حصہ لیا ہے۔

داعش نے امریکا میں مقیم اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ ’وہ آخری قدم اٹھائیں‘ اور ان افراد سے ’نمٹیں‘۔

امریکی بحریہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے ان فوجیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور اپنی پرائیویسی سیٹنگز بھی تبدیل کریں۔