.

حوثی باغیوں کی تعز میں مظاہرین پر فائرنگ،8 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے جنوبی شہر تعز میں حوثی شیعہ باغیوں نے اپنے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے شہریوں پر فائرنگ کردی ہے جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور ایک سو بیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق تعز میں سیکڑوں مظاہرین گذشتہ تین روز سے حوثی باغیوں کی چڑھائی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔منگل کو جب لوگ احتجاج کے لیے جمع ہوئے تو مسلح حوثی باغیوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔

یمنی دارالحکومت صنعا پر قابض حوثی باغیوں نے گذشتہ ہفتے کے دوران اپنے ہزاروں مسلح جنگجوؤں کو جنوبی شہروں پر یلغار کے لیے بھیجا ہے اور وہ وہاں اپنے مخالفین کو طاقت کے ذریعے کچلنے کے لیے کوشاں ہیں۔حوثیوں نے قبل ازیں بھی تعز پر قبضے کی کوشش کی تھی لیکن سنی قبائل اور القاعدہ نے ان کی شدید مزاحمت کی تھی اور انھیں پسپا ہونا پڑا تھا۔