.

امریکا:خفیہ ایجنسی کے باہر فائرنگ،ایک شخص ہلاک

خفیہ ادارے کے ہیڈکوارٹرز کے باہر محافظوں نے مشتبہ افراد پر فائرنگ کردی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے فورٹ میڈ ،میری لینڈ میں واقع ہیڈ کوارٹرز کے داخلی دروازے پر فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی میں سوار دو افراد نے واشنگٹن سے قریباً بتیس کلومیٹر شمال مشرق میں واقع فورٹ میڈ میں نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔اس دوران محافظوں نے ان پر فائرنگ کردی۔

این بی سی نیوز نے خفیہ ادارے کے ہیڈکوارٹرز کے باہر دو نقصان زدہ گاڑیوں کو دیکھنے کی اطلاع دی ہے اور وہاں سے ایمرجنسی ورکروں کو ایک زخمی شخص کو ایمبولینس میں ڈال کر کہیں لے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔

این ایس اے کی خاتون ترجمان نے اس واقعے سے متعلق فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔فورٹ میڈ اور اینی آرونڈل کاؤنٹی کی پولیس نے رپورٹروں کو خفیہ ایجنسی سے ہی رابطے کے لیے کہا ہے۔واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی تھی۔

واشنگٹن پوسٹ کی اطلاع کے مطابق فورٹ میڈ میں واقع فوجی ہیڈ کوارٹرز کی عمارت کے این ایس اے کے حصے کی جانب فائرنگ کا واقعہ پیش آنے کی تصدیق کی ہے۔آرونڈل کاؤنٹی ،میری لینڈ میں واقع فورٹ میڈ میں ایک جانب امریکی فوج کا اڈا ہے اور دوسری جانب این ایس اے کا ہیڈکوارٹرز ہے۔