.

ابوظبی میں جی سی سی پولیس فورس کے صدر دفاتر کی توثیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی مجوزہ مشترکہ پولیس فورس کے دارالحکومت ابوظبی میں ہیڈکوارٹرز کے قیام کی توثیق کردی ہے۔

یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ ''جی سی سی کے رکن ممالک کے درمیان مربوط تعلق ناگزیر بن چکا ہے''۔

ان کا کہنا ہے کہ ''یو اے ای علاقائی اور عالمی سطح پر تحفظ اور امن کے حوالے سے ایک ماڈل ہے۔جی سی سی کی پولیس فورس کی میزبانی کے لیے انتخاب سے اس کے پُرترغیب اور حوصلہ افزا ماحول کی عکاسی ہوتی ہے''۔

انھوں نے کہا:''ہمیں پورا اعتماد ہے کہ پولیس فورس کے ہیڈکوارٹرز کی میزبانی سے خلیجی ممالک کے درمیان باہم اتصال کے لیے کوششوں کو تقویت ملے گی۔اس کے علاوہ اس سے ہمارے ممالک میں قانون کی حکمرانی، تحفظ اور سکیورٹی میں بھی مدد ملے گی''۔

وام کی رپورٹ کے مطابق جی سی سی کی مشترکہ پولیس فورس پورے خطے میں رابطے کا کام دے گی اور دوسرے تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں کے درمیان اطلاعات اور معلومات کا تبادلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ خطے کی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر عرب ممالک سکیورٹی کے شعبے میں مزید باہمی تعاون پر بھی غور کررہے ہیں۔مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے فروری میں لیبیا میں داعش کے ہاتھوں اکیس قبطی عیسائیوں کے اندوہناک قتل کے بعد ایک مشترکہ فورس کے قیام کی تجویز پیش کی تھی۔