.

صنعا: اسکڈ میزائلوں کے ڈپو میں زوردار دھماکا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے دارالحکومت صنعا میں اسکڈ میزائلوں کے ایک ڈپو پر فضائی حملے کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ہے۔فوری طور پر دھماکے میں ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اطلاعات کے مطابق صنعا کےپہاڑی علاقے فج عطان میں واقع میزائل ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔حملے کے بعد عمارت سے دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہونا شروع ہوگَئے۔اس سے نزدیک واقع مکانوں کی کھڑکیوں کو بھی آگ لگ گئی۔

اس علاقے کے مکین عادل منصور نے ایک غیرملکی خبررساں ادرے کو بتایا ہے کہ ''سعودی عرب کی قیادت میں تین ہفتے قبل حوثی باغیوں کے خلاف فضائی مہم کے آغاز کے بعد سے بمباری کے نتیجے میں یہ سب سے بڑا اور زوردار دھماکا ہے۔اس سے میرے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گِئے ہیں اور بچے خوف زدہ ہوگئے ہیں''۔

سعودی اتحادیوں کے طیارے صنعا میں اس سے پہلے فج عطان ،دوسری فوجی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو متعدد مرتبہ فضائی حملوں میں نشانہ بنا چکے ہیں۔سعودی عرب کی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد العسیری نے اتوار کو اپنی روزانہ کی بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ فضائی حملوں میں حوثی باغیوں کے اسلحے کے اسّی فی صد ڈپوؤں کو تباہ کردیا گیا ہے اور بیلسٹک میزائلوں کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔