.

ایف بی آئی:امریکا میں داعش کے ممکنہ حملوں کی تحقیقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کا وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی) امریکا میں داعش کی دہشت گردی کے حملے کی ممکنہ سازش کی تحقیقات کررہا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ایک وفاقی ادارے کے عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ لاس اینجلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کا خطرہ موجود تھا لیکن ان صاحب نے یہ نہیں بتایا کہ آیا اس خطرے کا تعلق سخت گیر جنگجو گروہ دولت اسلامی عراق وشام (داعش) سے ہے یا اس کا کسی اور سے تعلق ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کیبل نیوز نیٹ ورک (سی این این) نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ دہشت گردی کی اس ممکنہ سازش سے متعلق ابلاغی روابط اور دوسری انٹیلی جنس معلومات کو پکڑے جانے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ان ابلاغی روابط کا سراغ لگنے کے بعد امریکی عہدے دار نے یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ دہشت گردی کے حملے کی سازش کے تانے بانے بُنے جارہے ہیں۔سی این این نے ایک عہدے دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس سازش میں کیلی فورنیا کے حصوں کو نشانہ بنانے پر توجہ مرکوز کی جارہی تھی جس کے بعد حکام نے سکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔

ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی انتظامیہ نے اس ریاست میں ہوائی اڈوں کی سلامتی کے ذمے دار مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی الرٹ کردیا ہے۔البتہ صرف ایوی ایشن ہی کو ممکنہ خطرہ درپیش نہیں ہے۔امریکا کے بعض شہروں میں بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔سی این این نے اپنی رپورٹ میں ان کی تفصیل نہیں بتائی ہے۔تاہم ایف بی آئی یا داخلی سلامتی کے ذمے دار کسی اور امریکی ادارے نے لاس اینجلس ہوائی اڈے کو درپیش سکیورٹی کے خطرے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔