.

القصیم: زیر تعمیر عمارت گرنے سے 7 مزدور جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں القصیم کے علاقے میں ایک عمارت گرنے سے سات مزدور جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی اور مصری مزدور شامل ہیں۔ پچاس سے زائد مزدور ابھی تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

حادثے کے فوری بعد القصيم کے نگران شہزادہ ڈاکٹر فيصل بن مشعل نے پراجیکٹ پر تعمیر کا کام روکنے اور فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

العربیہ نیوز چینل کے مطابق حادثہ دارالحکومت ریاض کی قصیم یونیورسٹی میں پیش آیا جہاں مزدور یونیورسٹی کے کنونشن سنٹر کی تعمیر میں مصروف تھے کہ اچانک عمارت زمین بوس ہونے سے پچاس سے زائد مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سعودی ہلال احمر، ائر ایمبولینس، شہری دفاع، سیکیورٹی گشتی پارٹیاں اور دوسرے امدادی کارکن فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

سات مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق مزدوروں میں سے بیشتر کا تعلق پاکستان سے ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں سامنے آنے والے حقائق سے معلوم ہوتا ہے کہ عمارت میں کام کرنے والے مزدور تعمیراتی منصوبوں کے لئے طے شدہ حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا نہیں تھے۔ متعدد مزدوروں نے حفاظتی ہملٹ کے بجائے سروں پر روایتی رومال باندھ رکھے تھے۔