.

شاہ سلمان کی سوڈانی صدر کو دوبارہ انتخاب پر مبارکباد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سوڈانی صدر عمر حسن البشیر کو بھاری اکثریت سے دوبارہ منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

شاہ سلمان نے سوڈانی صدر کو مبارک باد کے لیے ٹیلی فون کیا اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

سوڈانی الیکشن کمیشن کے سربراہ مختار العصام نے سوموار کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا تھا جن کے مطابق عمر حسن البشیر نے 94.5 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کی شرح 46.4 فی صد رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے سربراہ نے لوگوں کی صدارتی انتخاب میں عدم دلچسپی سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ درست نہیں ہیں۔انھوں نے خرطوم میں صحافیوں کو بتایا کہ صدر عمر حسن البشیر کے حق میں پچپن لاکھ اسی ہزار ووٹ ڈالے گئے تھے۔ان کے مدمقابل دوسرے چودہ امیدوار کوئی زیادہ معروف نہیں ہیں۔

سوڈان میں صدارتی انتخابات کے لیے 13 سے 17 اپریل تک ووٹ ڈالے گئے تھے۔قریباً ایک کروڑ تیس لاکھ سوڈانی ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔ملک بھر میں گیارہ ہزار پولنگ مراکز قائم کیے گئے تھے۔

تاہم دارالحکومت خرطوم میں پولنگ مراکز خالی ہی نظر آئے تھے اور ووٹ ڈالنے کی شرح 34.48 فی صد رہی تھی۔مشرقی ریاست کسالہ میں ووٹ ڈالنے کی سب سے زیادہ شرح رہی تھی اور وہاں 66.1 فی صد رجسٹرڈ ووٹروں نے صدارتی انتخاب میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔