.

حوثیوں کی یمن میں حالیہ کامیابیاں ایران کی فتح ہیں: پاسداران انقلاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ یمن کی شیعہ حوثی ملیشیا ایران کی پیداوار ہیں۔ یمن میں حوثیوں کی کارروائی ایران انقلاب کی ایک نئی فتح ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جنرل جعفری نے تہران میں فوج میں بھرتی ہونے والے نئے کیڈیٹس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمنی حوثیوں نے ایک جابر اور ظالم نظام حکومت کے خلاف ایرانی انقلاب کو ایک نمونے کے طور پر اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی انقلاب کو احسن طریقے سے بیرون ملک برآمد کیا جا رہا ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایران سے باہر بھی ایرانی انقلاب کو نمونہ بنایا جا رہا ہے۔ مزاحمتی تنظیمیں ایرانی انقلاب کو رول ماڈل بنا رہی ہیں۔"

خیال رہے کہ ایرانی عہدیدار خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے ’انقلاب کو برآمد‘ کرنا ایک نعرے کے طور پر استعمال کرتے ہیں جس کا مقصد ایرانی ولایت فقیہ کے نظام کو دوسرے ملکوں اور اقوام پر مسلط کرنا ہوتا ہے۔

جنرل محمد علی جعفری کا کہنا تھا کہ ایرانی انقلاب نے اندرون اور بیرون ملک غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ یمن میں حوثیوں کی حالیہ فتوحات بھی ایرانی انقلاب کے ثمرات ہیں۔ اس وقت یمنی عوام ایک جابر اور ظالم نظام حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ انہیں خطے اور عالمی سطح کے دشمنوں سے بھی مقابلہ ہے۔ خطے کےدشمنوں سے ان کی مراد وہ عرب ممالک ہیں جو اس وقت یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے جدو جہد کررہے ہیں۔