.

مآرب: صدرھادی کے وفاداروں کے ساتھ جھڑپ میں 13 حوثی ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود متحارب فریقین میں لڑائی بدستورجاری ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں حوثی باغیوں اور صدرعبد ربہ منصور ھادی کے وفاداروں کےدرمیان خون ریز جھڑپوں میں درجنوں افراد کےہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق شمالی مآرب میں مجزر کےمقام پر مزاحمتی گروپوں نے حملہ کرکے حوثیوں کے زیراستعمال کاتیوشا ٹینک اور کئی فوجی گاڑیوں کوتباہ کردیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 13 حوثی باغی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

مغربی مآرب میں صراوح کے مقام پر بھی حوثی باغیوں اور صدر ھادی کی وفادار ملیشیا کے درمیان خون ریز تصادم کی اطلاعات ہیں۔ فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف بھاری ہتھیاروں سے بھی حملے کیے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق صراوح میں قومی مزاحمتی گروپوں کے حملے میں زخمی ہونے والے دسیوں خوثی جنگجوئوں کو محاذ جنگ پرہی طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔