.

یمن سے حملے میں ایک سعودی شہری جاں بحق ،تین زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے سرحدی علاقے عسیر میں یمن کی جانب سے گولہ باری سے ایک سعودی شہری جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت شہری دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد الاعصامی نے کہا ہے کہ محکمہ شہری دفاع کو جمعرات کی شب یمن کی جانب سے گولہ باری کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔انھوں نے مزید بتایا کہ صوبہ عسیر میں دہران الجنوب کے نزدیک ایک گاؤں الحصن کو حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے حملے میں ایک سعودی شہری کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ایک سعودی اور دو تارکِ وطن زخمی ہوئے ہیں۔انھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یمن اورسعودی عرب کے درمیان واقع سرحد پر حوثی شیعہ باغیوں اور سعودی سکیورٹی فورسز کے درمیان آئے دن جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں اور حوثی باغی سرحد پر واقع سعودی عرب کے شہری علاقوں کی جانب گولہ باری کرتے رہتے ہیں۔