.

سعودی عرب میں پہلا روزہ 18 جون بروز جمعرات ہو گا

پاکستان میں بدھ کی شام چاند نظر آنے کا زیادہ امکان ہے: محکمہ موسمیات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عدالتی کونسل کے اعلان کے مطابق ملک میں منگل کو چاند نظر نہیں آیا لہذا جاری ہجری سال کا یکم رمضان اٹھارہ جون بروز جمعرات کو ہو گا۔ پاکستان میں چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کااجلاس کل 17 جون کو ہو گا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں یونیورسٹی روڈ پر محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہو گا۔

درایں اثناء پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بدھ کی شام پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آنے کا بہت زیادہ امکان ہے اور جمعرات کو پہلا روزہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ ''مطلع صاف ہونے کی وجہ سے اس بات کا امکان ہے کہ بدھ کو چاند نظر آجائے گا۔چاند سورج غروب ہونے کے اڑتیس منٹ بعد تک دیکھا جاسکے گا۔ اس وقت اس کی عمر چوبیس گھنٹے اور چوالیس منٹ ہوگی''۔

العربیہ نیوز چینل کے مطابق مفتی مصر ڈاکٹر شوقی علام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دار الافتاء کی شرعی اور سائنسی کمیٹیوں کے منگل کے شام ہونے والے اجلاس کے بعد سامنے آنے والے شہادتوں کی روشنی میں یہ بات طے پائی کہ مصر کے طول و عرض میں کہیں بھی چاند نظر نہیں آیا، بدھ شعبان کا آخری دن ہو گا جبکہ 1436 ہجری کا پہلا روزہ جمعرات کو ہو گا۔

مفتی دیار القدس اور فلسطین الشیخ محمد حسین کے مطابق فلسطین میں بھی پہلا روزہ جمعرات کو ہو گا کیونکہ ملک کے کسی حصے میں چاند نظر نہیں آیا۔

مراکش کے وزارت اوقاف اور اسلامی امور کل بدھ کے روز چاند دیکھے گی۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے مراکش میں پہلا روزہ جمعرات یا جمعہ ہو سکتا ہے۔ مراکش میں چاند کی رویت کے لئے انسانی آنکھ کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے مدد نہیں لی جاتی۔