.

اسرائیلی وزیر کی اہلیہ کی اوباما بارے متنازع ٹویٹ پر معذرت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل کے وزیر داخلہ سلفان شالوم کی اہلیہ کو حال ہی میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ "ٹیوٹر" پر پوسٹ کی گئی اپنی ایک مختصر مگر متنازعہ ٹویٹ پر امریکی صدر باراک اوباما سے معذرت کرنا پڑی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق برطانوی اخبار "ڈیلی ٹیلی گراف" نے متنازع ٹویٹ کا احوال بتایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیرداخلہ کی اہلیہ جوڈی شالوم نیرموزیس نے ٹیوٹر پرلکھا کہ "کیا آپ جانتے ہیں کہ اوباما کافی کیسے بناتے ہیں؟۔ سیاہ اور نہایت کمزور"

موصوفہ جو کہ اسرائیل کے ایک ٹی وی پروگرام کی میزبان بھی ہیں کو اس ٹویٹ پر اپنے فالورز سے کھری کھری سننا پڑی ہیں۔

ایک صاحب نے جوابی ٹویٹ میں لکھا کہ "آپ پاگل تو نہیں ہوگئی ہیں؟" بہت سے دوسرے صارفین نے جوڈی سے ٹویٹ کو حذف کرنے کا مطالبہ کیا۔

عوامی رد عمل کے بعد جوڈی نے متنازع ٹویٹ کی جگہ صدر باراک اوباما اور ان کے چاہنے والوں سے معذرت کی ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ "یہ فرسودہ خیال اور لطفیہ کسی شخص نے مجھے سنایا تھا جو میں نے ٹویٹ کردیا۔ میں جانتی ہوں کہ یہ لطیفہ قابل سماعت نہیں ہے اور میں لوگوں سے قطع نظران کے رنگ ونسل اور مذہب کےان سے محبت کرتی ہوں۔"

موصوفہ نے مزید لکھا کہ " میرے شوہر اس وقت بیرون ملک ہیں۔ واپسی پروہ بھی یہ سب کچھ سنیں گے مگر میرا طلاق لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ امید ہے صدر اوباما 'مائنڈ' نہیں کریں گے۔"