.

مصر: سیناء میں بم دھماکے میں چار فوجی ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں بم دھماکے میں چار فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مصری فوج کے ایک ترجمان نے اپنے فیس بُک صفحے پر اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع سرحدی قصبے رفح کے نزدیک جمعرات کو فوج کی ایک گاڑی پر بم حملہ کیا گیا ہے اور اس میں سوار ایک افسر اور تین فوجی مارے گئے ہیں۔

فوری طور پر کسی گروپ اس بم حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔اس واقعے سے چند روز قبل ہی سیناء میں جنگجوؤں نے ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کرکے سات فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع سرحدی صوبے شمالی سیناء میں جولائی 2013ء میں مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے جنگجو گروپ سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں۔ان میں سب سے نمایاں صوبہ سیناء جنگجو گروپ ہے۔

صوبہ سیناء عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ساتھ وابستہ ہے۔اس تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ مرسی نواز مظاہرین کے خلاف فوج اور پولیس کے کریک ڈاؤن اور اب ججوں کے سخت فیصلوں کے ردعمل میں یہ حملے کررہی ہے۔

مصری سکیورٹی فورسز شمالی سیناء میں جنگجو گروپوں کے خلاف گذشتہ مہینوں سے ایک بڑی کارروائی کررہی ہیں۔مصری فوج کا کہنا ہے کہ اس نے سیناء میں کارروائیوں کے دوران ایک ہزار سے زیادہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔