.

ترکی: بڑی اپوزیشن جماعت مخلوط حکومت میں شمولیت پر آمادہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی کی حزب اختلاف کی بڑی جماعت ری پبلکن پیپلزپارٹی (سی ایچ پی) نے حکمراں انصاف اور ترقی پارٹی (آق) کی قیادت میں مخلوط حکومت میں شمولیت پر آمادگی ظاہرکردی ہے۔

سیکولر ری پبلکن پیپلز پارٹی کے سربراہ کمال قلیچ دار اوغلو نے اتوار کو روزنامہ حریت کے ساتھ انٹرویو میں کہا ہے کہ ''ہم مخلوط حکومت کی بھاری قیمت سے آگاہ ہیں لیکن ہم ملک کے مفاد میں اس ذمے داری کو قبول کرسکتے ہیں''۔

انھوں نے کہا کہ ''ہم پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر ترکی کے مفاد میں کام کررہے ہیں،ہم نے نوٹ کیا ہے کہ (حکومت کی تشکیل میں ) تاخیر کا ترکی کو خمیازہ بھگتنا پڑسکتا ہے''۔

ترکی میں سات جون کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کی جماعت آق اکثریت حاصل نہیں کرسکی تھی۔اب وہ حکومت بنانے کے لیے پارلیمان میں تین چھوٹی جماعتوں میں سے کسی ایک کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے بات چیت کررہے ہیں۔

حالیہ مذاکرات کے بعد سی ایچ اپی کے ساتھ مخلوط حکومت کا قیام ہی آق پارٹی کے لیے ممکنہ آپشن رہ گیا ہے کیونکہ تیسرے نمبر پر آنے والی قوم پرست تحریک پارٹی نے اس کے ساتھ مخلوط حکومت میں شمولیت سے صاف انکار کردیا تھا۔اب مخلوط حکومت کی ہئیت ترکیبی کے حوالے سے آیندہ ہفتے بات چیت ہوگی ۔تاہم بعض تجزیہ کار اب بھی قبل از وقت انتخابات کے امکان کو مسترد نہیں کررہے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کو نو جولائی کو نئی حکومت بنانے کی دعوت دی تھی۔ان کے پاس مخلوط اتحاد کے قیام کے لیے پینتالیس دن کا وقت ہے اور اگر وہ اس میں ناکام رہتے ہیں تو پھر ترکی میں نئے سرے سے انتخابات کرانا پڑیں گے۔

قلیچ دار اوغلو نے ترکی میں گذشتہ ڈیڑھ ایک ہفتے کے دوران تشدد کے واقعات کے بعد حکومت میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔گذشتہ ہفتے ترکی کے سرحدی قصبے سوروچ میں ایک خودکش بم دھماکے میں بتیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ترک حکومت نے داعش پر اس خودکش بم حملے کا الزام عاید کیا تھا۔

اس کے علاوہ کرد جنگجوؤں نے بھی ترک سکیورٹی فورسز پر دوبارہ حملے شروع کردیے ہیں۔اس کے جواب میں ترک فوج نے شام میں داعش اور شمالی عراق میں کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کردیے ہیں۔ترکی کی درخواست پر معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو نے منگل کے روز اپنا اجلاس طلب کرلیا ہے۔اس میں داعش کے خلاف جنگی کارروائیوں کو مربوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔