شاہ سلمان کا استقبال، اوباما نے صدارتی پروٹوکول توڑ دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وائٹ ہائوس میں امریکی صدر سے ملاقات کے لیے آنے والی کسی بھی شخصیت سے ملنے کے لیے پروٹوکول اور ایک ضابطہ اخلاق ہے جس کی مہمان اور میزبان دونوں کو پابندی کرنا ہوتی ہے۔ سخت نظم وضبط کے اصولوں کے پابند امریکی صدور سے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔ مگر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دورہ امریکا کے موقع پر صدر اوباما نے اپنے سرکاری پروٹوکول کی پرواہ بھی نہ کی اور اپنے 'مہمان خصوصی' سے ملنے وائیٹ ہائوس کے مغربی بازو کے گیٹ پر آپہنچے۔ کسی سربراہ مملکت کی آمد پر ان کا یوں استقبال امریکا میں ایک نادر مثال سمجھی جاتی ہے۔

"سی بی سی" ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے نامہ نگار مارک نولر نے اپنے "ٹویٹر" اکائونٹ پر شاہ سلمان کے استقبال کی تصاویر پوسٹ کی ہیں اور ساتھ ہی اس پر تبصرہ بھی کیا ہے۔ ایک تصویر میں امریکی صدر کو وائٹ ہائوس کے دروازے پر کھڑے شاہ سلمان کے کار سے باہر نکلنے کے انتظار میں دکھایا گیا ہے۔ جب کہ دوسری تصویر میں دونوں رہ نما وائٹ ہائوس کی راہ داری سے اندر جاتے دکھائی دے رہیں۔

مارک نولر لکھتے ہیں کہ "صدر اوباما نے شاہ سلمان کو خوش آمدید کہنے کے لیے سرکاری پروٹوکول بھی توڑ دیا۔ ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے کہ صدر خود جا کر کسی مہمان کا استقبال کرے۔ مہمان کو ایوان صدر میں یا ملاقات کی طے شدہ جگہ پر پہنچنا ہوتا ہے۔ مگر یہاں صدر اوباما اپنے دفتر سے باہر آئے اور وائیٹ ہائوس کے مغربی بازو کے دروازے پرکھڑے ہوگئے جہاں سے شاہ سلمان نے اندر داخل ہونا تھا۔

مارک نولر "سی بی سی " کے وائیٹ ہائوس کی کوریج کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے ایک دوسری ٹویٹ میں لکھا کہ " شاہ سلمان۔ اوباما ملاقات جیسا منظر شاذ ہی دیکھا جاتا ہے۔"

صدر اوباما کا پروٹوکول سے ہٹ کر شاہ سلمان کے استقبال کے لیے گیٹ پر آنا صحافتی حلقوں میں بھی زیربحث ہے۔ صحافتی اداروں کے ہاں جاری بحث وتمحیص میں ماہرین کی رائے کے مطابق صدر کا خود چل کر شاہ سلمان کا استقبال کرنا ان کے دورہ امریکا کی اہمیت کا ظاہر کرتا ہے۔ جو عالمی لیڈر امریکا کے لیے جتنا اہم ہو اسے اتنا ہی مقام دیا جاتا ہے۔ چونکہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دوستانہ مراسم رہے ہیں۔ اس لیے دونوں ملکوں کی قیادت ایک دوسرے کے لیڈروں کا بدرجہ اتم احترام بھی کرتی ہے۔ شاہ سلمان اوران کے ہمراہ آئے وفد کا دورہ دونوں ملکوں کے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی پہلوئوں سے بھی اہمیت کا حامل ہے۔

دونوں رہ نمائوں میں خوش گوارموڈ میں ملاقات ہوئی۔ انہوں نے ملاقات کے دوران اہمیت کے حامل علاقائی اور عالمی امور پرکھل کر بات چیت کی۔ بعد ازاں ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا جس میں ملاقات میں زیربحث موضوعات کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں