.

حوثی اورعلی صالح 'جنگی مُجرم' ہیں: منصور ھادی

عالمی برادری یمن کی تعمیر نو میں مدد کرے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی نے کہا ہے کہ سابق منحرف صدر علی عبداللہ صالح، اس کی حامی ملیشیا اور شیعہ باغی گروپ حوثی جنگی مجرم ہیں جو نہتے شہریوں کا قتل عام کررہے ہیں۔ ان کی وحشیانہ کارروائیوں پر خاموش رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

العربیہ کے ذرائع کے مطابق صدر منصور ھادی نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے یمن کے بارے میں خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صدر ھادی نے کہا کہ یمن میں قیام امن کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد2216 پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے موجودہ بحران کا وہی سیاسی حل مثالی ہوسکتا ہے جس میں حوثی ہتھیار پھینک کر تمام ریاستی اداروں اور شہروں کو آئینی حکومت کی عمل داری میں دیں اور یمن کے حوالے سے عالمی اور خلیجی ممالک کے فیصلوں پر قبول کریں۔

صدر ھادی نے یمن کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں اور سابق منحرف صدر علی صالح کی وحشیانہ کارروائیوں سے ملک بدترین تباہی سے دوچار ہوا ہے۔ یمن تعمیر نو ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ عالمی برادری تعمیر نومیں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔