.

سعودی عرب: 106 سالہ بوڑھے شہری کے ووٹ کا اندراج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے مختلف شہروں میں ووٹروں کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران بعض دلچسپ معلومات بھی سامنے آئی ہیں۔ سعودی عرب کی حائل گونری میں ایک 106 سالہ شخص نے اپنا ووٹ رجسٹرڈ کرایا اور یوں وہ اب تک سعودی عرب کا معمر ترین ووٹر قرار پایا ہے۔ حائل گورنری کے شہروں موقق، السلیمی اور اجفرمیں ہونے والی ووٹر رجسٹریشن کے دوران 18 سالہ نائف عبدالرحمان الخلیوی نے کم عمر ووٹر کے طور پراپنا ووٹ رجسٹرڈ کرایا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ووٹرں کے اندراج کے دوران پتا چلا کہ محمد الحطاب نامی شہری کی عمر 106 سال ہے۔ اس کے علاوہ محمود اسماعیل الزنبی کی عمر 101، لعبیہ ھزاع المشری نامی خاتون کی 99 اور ایک دوسری خاتون کی عمر 96 برس ہے۔ مجموعی طور پر حائل گورنری میں 24 ہزار 135 ووٹوں کا اندرواج کیا گیا۔

حائل گورنری کے سیکرٹری انجینیر ابراہیم بن سعید ابو راس نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے ووٹ کے اندراج کا سلسلہ نہ صرف جاری ہے بلکہ شہری بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی بھی داخل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹوں کے اندراج کے لیے جاری مرحلے میں الغزالہ، الحائط، الشنان اور تربہ شہر میں چار نئے رجسٹریشن مرکز قائم کیے گئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں ان شہروں میں ووٹروں کی تعداد صرف تین ہزار تھی جس میں اب خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

انجینیر ابراہیم نے بتایا کہ پولنگ مراکز پر شہریوں کا بہت زیادہ رش ہے۔ شہری اپنا ووٹ رجسٹرڈ کرانے جوق درجوق پولنگ مراکز پر آ رہے ہیں۔ خواتین کے پولنگ مراکز میں 5080 نئے ووٹروں نے اپنے ووٹوں کے اندراج کے بعد ووٹ کاسٹ کیے ہیں۔ خواتین کے لیے پولنگ کی رجسٹریشن کے لیے 21 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے ہفتے 358 مرد اور 34 خواتین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں۔