کویت :مسجد بم دھماکے کے جُرم میں 7 افراد کو سزائے موت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

کویت کی ایک فوجداری عدالت نے جون میں ایک مسجد میں خودکش بم دھماکے کے جرم میں سات مدعا علیہان کو قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا ہے۔

کویت کی سرکاری خبررساں ایجنسی کونا کے مطابق عدالت نے منگل کے روز سات مشتبہ ملزموں کو دہشت گردی کے واقعے میں قصور وار قرار دے کر دو سے پندرہ سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔عدالت نے چودہ دوسرے مدعا علیہان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا ہے۔

عدالتی حکام نے جولائی میں تین پاکستانیوں سمیت انتیس مشتبہ افراد کے خلاف 26 جون کو اہل تشیع کی ایک مسجد میں خودکش بم دھماکے کے الزام میں فرد جرم عاید کی تھی۔عرب روزنامے القبس نے جولائی میں ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ پراسیکیوٹر نے عدالت سے گیارہ مدعاعلیہان کو پھانسی کی سزا سنانے کی استدعا کی تھی۔

کویت شہر کے علاقے الصوابر میں واقع مسجد امام الصادق میں ایک سعودی بمبار نے خودکش بم دھماکا کیا تھا۔اس کے نتیجے میں ستائیس افراد ہلاک اور دوسو سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔عراق اور شام میں برسرپیکار دولت اسلامی (داعش) سے وابستہ ایک گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمے داری قبول کی تھی۔

جن افراد کے خلاف فرد جُرم عاید کی گئی تھی،ان میں سات کویتی ،پانچ سعودی ،تین پاکستانی اور تیرہ غیرریاستی باشندے (بدّو) تھے۔ان میں سے چوبیس ملزمان کویت میں گرفتار ہیں اور پانچ کے خلاف ان کی عدم موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا ہے۔ان میں سعودی عرب میں گرفتار دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔انھوں نے مبینہ طور پر کویت میں بم حملے میں استعمال ہونے والا دھماکا خیز مواد پہنچایا تھا۔

استغاثہ نے دو مشتبہ افراد کے خلاف قتلِ عمد اور ارادہ قتل کے الزام میں فرد جرم عاید کی تھی۔دو افراد پر دھماکا خیز مواد استعمال کرنے کی تربیت دینے اور نو افراد پر جرم کی معاونت کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔باقی افراد کو جرم کے بارے میں جانتے بوجھتے ہوئے حکام کو مطلع نہ کرنے پر اس مقدمے میں ماخوذ کیا گیا تھا۔

داعش سے وابستہ خودساختہ گروپ صوبہ نجد نے کویت میں اس خودکش بم دھماکے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ اسی نے مئی میں سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں اہل تشیع کی دو مساجد میں بھی خودکش بم دھماکے کیے تھے۔

دہشت گردی کے اس بڑے واقعے کے بعد کویتی حکومت نے داعش کے خلاف اعلان جنگ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنی سرزمین پر کہیں بھی موجود داعش سے وابستہ افراد کے خلاف کارروائی کرے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں