.

جرمنی ہر پناہ گزین کو 670 یورو ماہانہ وظیفہ دے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جرمن چانسلر اینجیلا مرکل نے مہاجرین کو سیاسی پناہ دینے والے علاقوں کے لئے اگلے برس کے میزانئے میں اضافی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ اوسطاً ہر پناہ گزین کو جرمنی ماہانہ 670 یورو دے گا۔

میرکل نے اس مد میں دی جانے والی کل رقم کے بارے میں تو وضاحت نہیں کی تاہم اتنا ضرور بتایا کہ جرمنی داخلے کے بعد ہر پناہ گزین کو اوسطاً ماہ 670 وظیفہ پانچ ماہ تک دیا جائے کیونکہ اس مدت کے دوران ان کی سیاسی پناہ سے متعلق درخواست پر فیصلہ ہو جائے گا۔

جرمن رہنما کا یہ اعلان حکومتی وزراء اور مہاجرین کو پناہ دینے والے 16 صوبوں کی قیادت کے کئی گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں ہونے والی مشاورت کے بعد سامنے آیا۔

رواں سال کے دوران توقع ہے کہ جرمنی آٹھ لاکھ مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے گا۔ جرمنی یورپی ملکوں میں شامی مہاجرین کو پناہ دینے والا سب سے بڑا ملک ہے۔

اینجیلا مرکل نے واضح کیا کہ سیاسی پناہ کے لئے درخواست دینے والوں کی اجتماعی رہائش گاہوں کی تعمیر کے لئے پانچ سو یورو رکھے جائیں گے کیونکہ فی الوقت مہاجرین کی بڑی تعداد خیموں یا فوج کی بیرکوں میں زندگی گذارنے پر مجبور ہے۔

نیز 350 ملین یورو ان کم عمر شامی پناہ گزینوں کے لئے مختص ہوں گے جو اپنے خاندان اور والدین کے بغیر اکیلے ملک میں داخل ہوں گے۔