جاپان عراق وشام کے مہاجرین کو 810 ملین ڈالر امداد دے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

#جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے 'این ایچ کے' کے مطابق جاپان #شام اور #عراق سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کی امداد کے لئے 810 ملین ڈالر [81 کروڑ ڈالر] کی رقم دے گا۔ اس سے پہلے جاپان نے پناہ گزینوں کی 5000 درخواستوں میں سے 11 افراد کو جاپان میں پناہ دینے کے لئے منتخب کیا تھا۔

جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپانی وزیر اعظم شنزو ایب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اس امداد کا اعلان کریں گے۔ ابھی تک اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ جاپان مہاجروں کو پناہ دینے سے متعلق اپنی شرائط کو نرم کرے گا یا نہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسے #یورپ میں مہاجروں کی آمد میں کوئی کمی آتی دکھائی نہیں دے رہی ہے اور اب ہر روز 8000 مہاجرین یورپ کا رخ کررہے ہیں۔

جاپان کی وزارت خارجہ نے جمعہ کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ شامی مہاجرین کی مدد کے لئے 2 ملین ڈالر کی امداد دیں گے اور #لبنان میں مہاجرین کی رہائش کے لئے سہولیات فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ مغربی بلقانی ریاستوں جیسے سربیا اور مقدونیا کو بھی مہاجرین کی مدد کے لئے 2 ملین ڈالر کی امداد دی جائیگی۔

اس سے پہلے 2014 میں جاپان نے پناہ کی درخواست دینے والے 5000 افراد میں سے 11 کی درخواستوں کو قبول کیا تھا۔ رواں ماہ کے دوران مہاجرین کو پناہ دینے کے نظام میں تبدیلیاں کی تھیں جس کے بعد سماجی کارکنان کا کہنا تھا کہ ان تبدیلیوں سے لوگوں کو پناہ لینے میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں