.

'اوباما جزیہ دیں ورنہ سر تن سے جدا کر دیں گے'

داعش کے کم سن جنگجو کی سپر پاور کے سربراہ کو بڑھک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

#شام و #عراق میں دہشت گردی اور انتہا پسندی میں ملوث تنظیم دولت اسلامیہ #داعش کے ایک کم عمر جنگجو نے سپر پاور #امریکا کے صدر #براک_اوباما کو 'داعش' کی اطاعت قبول کرتے ہوئے جزیہ دینے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ دھمکی دی ہے کہ اگر امریکی صدر نے جزیہ ادا نہ کیا تو تلوار سے فیصلہ کیا جائے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سوشل میڈیا اور ویڈیو شیرنگ ویب سائٹ #یو ٹیوب پر پوسٹ کی گئی ایک فوٹیج میں 10 سالہ جنگجو کو امریکی صدر کو للکارتے اور انہیں جزیہ ادا کرنے کا 'حکم' دیتے دکھایا گیا ہے۔ کم عمر جنگجو کا کہنا ہے کہ اوباما نیند سے بیدار ہوں اور داعش کی اطاعت قبول کرتے ہوئے جزیہ ادا کریں ورنہ 'بڑے دانتوں والے سر کو گردن سے اڑا دیا جائے گا'۔ فوٹیج میں اوباما کے لیے 'بڑے دانتوں والا' کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے۔

داعش کے جنگجو کی تازہ فوٹیج "اشبال الخلافہ" میڈیا پر نشر کی گئی جسے ممکنہ طور پر عراق کے شہر #دجلہ میں فلمایا گیا ہے۔ تاہم فوٹیج میں امریکی صدر کو للکارنے والے کم عمر جنگجو کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں مل سکی ہیں۔ جنگجو نے اپنے بائیں ہاتھ میں ایک بم اٹھا رکھا ہے اور دائیں ہاتھ کی انگلی سے امریکی صدر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان سے جزیہ ادا کرنے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں قتل کی دھمکی دے رہا ہے۔

داعشی جنگجو امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ امریکی افواج "ارض خلافت" میں مداخلت کی حماقت کررہی ہے اور صدر اوباما گہری خواب میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اس لیے ہم یہ خبردار کر رہے ہیں کہ اس سے قبل کہ ہماری تلوار تمہاری گردن تک پہنچے ایک غلام کی حیثیت سے جزیہ ادا کر دیں۔ ورنہ گردن تن سے جدا کر دی جائے گی۔

تیس سیکنڈز کی اس مختصر فوٹیج میں ایک کشتی بھی دکھائی گئی ہے جس پر داعش کا پرچم لہرا رہا ہے۔ کشتی پر تین داعشی جنگجو دیکھے جا سکتے ہیں۔ کشتی سے داعشی جنگجوئوں نے امریکا کو بحر اوقیانوس عبور کرنے کی طرف اشارہ کر رہے ہیں یا ان کا اشارہ شامی پناہ گزینوں کے روپ میں داعش کا یورپ اور امریکا تک پہنچنے کی جانب ہے۔ فوٹیج میں امریکی صدر کے بارے میں 'بڑے دانتوں والا" اور "روم کا کتا" جیسے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔