.

سعودی عرب: امام بارگاہ پر مسلح حملہ، 11 افراد ہلاک وزخمی

پولیس نے ایک حملہ آور کو ہلاک جبکہ دو کو زندہ گرفتار کر لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے مشرقی شہر القطیف کی سیھات میونسپلٹی کی حدود میں واقع ایک امام بارگاہ پر تین افراد کے مسلح حملے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانچ افراد جاں بحق جبکہ چھ دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سعودی عرب کی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو حصار میں لے کر ایک حملہ آور کو ہلاک جبکہ دو کو زندہ گرفتار کر لیا۔

'العربیہ' کو اپنے ذرائع سے معلوم ہوا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والے علی حسین السلیم، بثنیہ العباد، ایمن العجمی، عبدالستار ابو صالح اور عبداللہ الجاسم امام بارگاہ کے اندر موجود تھے۔

عینی شاہدین نے 'العربیہ' کو بتایا کہ دہشت گردوں نے الدمام شہر کی العنود کالونی سے مسجد تک آنے کے لئے ٹیکسی کرائے پر لی۔ سیھات کی الکوثر کالونی میں واقع مسجد کے پاس پہنچتے ہی ان تینوں افراد نے مسجد پر فائر کھول دیا۔

مشرقی ریجن کے ہسپتال کے میڈیا ترجمان اسعد سعود نے بتایا کہ محکمہ صحت نے سیھات کی مسجد پر مسلح حملے کے بعد ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے تاکہ زخمیوں کا فوری علاج کیا جا سکے۔ حادثے میں جاں بحق وزخمی ہونے والوں کی تفصیلات بعد میں جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔