.

فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والا ہر طیارہ مارگرائیں گے: ترکی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

#ترکی کے وزیراعظم احمد #دائود_اوگلو نےخبردار کیا ہے کہ ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی طیارے کو مار گرانے میں کسی قسم کے تامل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات شام کی سرحد سےمتصل ایک نامعلوم ڈرون طیارے کو مار گرائے جانے کے واقعے کے ایک روز بعد کہی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وسطی ترکی کےشہر قیصریہ میں حکمران جماعت "آق" کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دائود اوگلو کا کہنا تھا کہ 'گذشتہ روز ہم نے بغیر پائلٹ کے ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ ہم تحقیقات کررہے ہیں۔ اگر یہ فوجی طیارہ ہے تو ہم اس کا اسی انداز میں جواب دیں گے۔ ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ہر طیارے کا یہی انجام ہوگا۔

خیال رہے کہ ترکی فضائیہ نے جمعہ کے روز شام کی سرحد کے قریب ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تھا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا وہ طیارہ #شام کی جانب سے بھیجا گیا تھا یا کسی اور کا تھا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ مار گرایا ڈرون روسی تھا، تاہم #روس نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔