.

بحرین: داعش کے سیل سے وابستہ 24 مشتبہ افراد پر فردِ جُرم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بحرین میں حکام نے دولتِ اسلامیہ عراق وشام (داعش) سے وابستہ ایک سیل تشکیل دینے، خودکش حملوں کی سازش اور جنگجوؤں کو بھرتی کرنے کے الزام میں چوبیس مشتبہ افراد کے خلاف فرد جرم عاید کردی ہے۔

پراسیکیوشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق دہشت گرد گروپ داعش کی شاخ تشکیل دینے کے معاملے کی تحقیقات کے بعد یہ فرد جُرم عاید کی گئی ہے۔ان میں سے سولہ مشتبہ افراد مفرور ہیں۔

بحرین کے پبلک پراسیکیوٹر احمد الحمادی نے کہا ہے کہ ان ملزموں پر دہشت گرد گروپ کی شاخ تشکیل دینے ،اس میں شمولیت اختیار کرنے ،ہتھیار اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزام میں فرد جُرم عاید کی گئی ہے۔

ان میں سے ایک مدعاعلیہ پر داعش کے لیے دو افراد کو بھرتی کرنے کا الزام ہے۔ان میں سے ایک پر شام جانے کے لیے سفری سہولت مہیا کرنے کا بھی الزام ہے جہاں اس جنگجو نے انتہا پسندوں سے عسکری تربیت حاصل کی تھی۔ان دونوں کو داعش کے لیے جنگجو بھرتی کرنے کی ذمے داری سونپی گئی تھی۔

پراسیکیوٹر حمادی نے بتایا ہے کہ ''اس گروپ کے ارکان نے بحرین میں عبادت گاہوں پر اسی طرح کے خودکش حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی جس طرح کے حملے ہمسایہ ممالک میں دہشت گرد گروپوں نے کیے ہیں''۔حمادی سعودی عرب میں شیعہ مساجد پر دہشت گردی کے حالیہ حملوں کا حوالہ دے رہے تھے۔ان مشتبہ افراد کے خلاف عدالت میں 22 دسمبر کو مقدمے کی سماعت کا آغاز ہوگا۔