.

سندھ گورنر ہاؤس اڑانے کی دھمکی بھارت سے کس نے دی؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ سندھ کے گورنر ہاوس کو بھارت سے دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی جس میں ممبئی سے کال کرنے والے ایک نامعلوم شخص نے صوبے میں مرکزی حکومت کے دستوری سربراہ کے مسکن کو بم سے اڑانے کی دھکمی دی۔

پاکستانی میڈیا نے گورنر ہاوس کے آپریٹر کے حوالے سے بتایا کہ دھمکی آمیز کال بھارتی شہر ممبئی سے کی گئی اور اس کا نمبر 009199999083737 بتایا جاتا ہے۔

دھمکی آمیز کال کے بعد خفیہ اداروں کو فوری طور پر اطلاع دی گئی جنہوں نے گورنر ہاوس کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی مزید سخت کر دی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے گورنر ہاوس کی بیرونی دیوار کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ سندھ میں ایک اہم عمارت کو تباہ کرنے کی مبینہ دھمکی کے کچھ دیر ہی بعد واشگنٹن میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے نیوز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر الزام عاید کیا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' پاکستان کے اندر دہشت گردی کروا رہی ہے اور ایسے ثبوت موجود ہیں کہ جن میں بھارتی ریاستی عناصر کی بھی شمولیت عیاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کا بھی ارتکاب کر رہا ہے۔