.

داعش غیر اسلامی اور کرپٹ ہے: سعودی مفتی اعظم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ نے مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں سرگرم انتہاپسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق وشام 'داعش' کو کرپٹ اور غیر اسلامی قرار دے دیا ہے۔

عبدالعزیز الشیخ نے ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں داعش کے مقابلے کے عنوان سے منعقدہ ایک سیمینار میں کہا کہ اس گروپ کے پیروکار ایک ایسے نظریے کے ماننے والے ہیں جس کی مسلم تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ داعش کے ارکان کا تعارف صرف یہی ہے کہ وہ ایسے مجرم ہیں جو کہ ملک کو کرپٹ اور مسلمانوں کا خون بہانا چاہتے ہیں۔ وہ یہی فلسفہ لے کر عراق اور باقی جگہوں پر کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے والے نادان اور بے خبر ہیں۔

سیمینار کے ایک اور مقرر مفاہمتی کمیٹی کے رکن اور اسلامیات کے پروفیسر سلیمان الروحیلی نے تمام مسلم حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ عالم اسلام کی حفاظت کے لئے داعش کے خلاف جنگ میں حصہ لیں۔

الروحیلی کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف لڑنا جہاد کی افضل ترین شکل ہے کیوںکہ اس کے اراکین مجرم، مرتد اور شام اور عراق سمیت دیگر ممالک میں مسلم مردوں، خواتین اور بچوں کے قتل میں ملوث ہے۔